بھٹکل:30/اگست (ایس اؤنیوز) کسی بھی مذہب سے تعلق رکھنے والے کیوں نہ ہوں ، کوئی بھی عید ہو یا تہوار دوسروں کو تکلیف ،پریشان کئے بغیر منانا ہوتاہے، سماج میں امن کو برقرار رکھنے کے لئے تمام کاتعاون ضرور ی ہونے کا ضلع ایڈیشنل ایس پی گوپال نے خیال ظاہر کیا۔
وہ یہاں ستمبر 1اور2کو منائی جانے والی عید الاضحیٰ کی مناسبت سے سرکٹ ہاؤس میں منعقدہ پیس میٹنگ میں وہ خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اللہ کا حکم مانتے ہوئے اپنے لخت جگر کو قربان کرنےکی سنت کو زندہ رکھتے ہوئے مسلمان جانوروں کی قربانی کرتے ہیں، عید کے دن عوام امن کے لئے پرارتھنا ، دعائیں کرتے ہیں، ہمیں اس کے معنی و مطلب کو سمجھنا چاہئے، عید و تہوار کے موقعوں پر چھوٹے موٹے واقعات ہونےپر بھی پولس کو اطلاع دیں، جس طرح گنیش تہوار کے موقع پر امن و امان اور یک جہتی کو بحال رکھا گیا تھا وہی جذبہ اور حالات بقرعید کے موقع پر بھی برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہونے کی بات کہی۔ بھٹکل میں پاکی صفائی کی حفاظت بلدیہ کی ذمہ داری ہے ، اس سلسلے میں چیف آفیسر کے ساتھ بات چیت ہوچکی ہے، زیادہ سواریوں کی ضرورت ہونے پر ابھی سے ضروری پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے صدر مزمل قاضیا نے میٹنگ کو جانکاری دی کہ پُر امن بقرعید منانے کے لئے تنظیم کے زیر اہتمام میٹنگ کا انعقاد ہوچکاہے، جس میں نوجوانوں کو مکمل ہدایات جاری کرتے ہوئے ان کی رہنمائی کی گئی ہے، تنظیم ہمیشہ امن کے قیام میں اپنا تعاون دیتی رہی ہے۔ بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ایم این منجوناتھ نے پیس میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ ہماری اپنی اور سماجی فلاح و بہتری کے لئے عوا م ایک دوسرے کے ساتھ ہاتھ ملائیں، تعاون کریں ،ہر حال میں بہتر سے بہتر ماحول پیدا کرنےکی اپیل کی۔
میٹنگ میں چن پٹن ہنومنت مندر انتطامیہ کمیٹی کے صدر بابنا ، تنظیم کے نائب صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے اپنے خیالات کااظہار کیا۔ بھٹکل بلدیہ صدر محمد صادق مٹا، نائب صدر کے ایم اشفاق، ڈی وائی ایس پی شیو کمار، سی پی آئی سریش نایک وغیرہ موجود تھے۔